اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی چھتیسویں سالگرہ اور عشرہ فجر کے ایام میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے عہدہ داران اور کارکنان نے امام خمینی(رہ) کے مرقد اور شہدائے انقلاب کی قبور پر حاضری دی۔
اس پروگرام میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل آقائے اختری سمیت دیگر عہدہ داروں اور مسئولین نے امام خمینی (رہ) کے مرقد پر حاضری دے کر پھول چڑھائے اور فاتح خوانی کی۔

پروگرام کے دوران اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے امام راحل کو ’’اسلام کو حیات نو دینے والا، مسلمانوں کو عزت دینے والا اور ایران کے لیے نجات بخش‘‘ جیسی تعبیرات سے یاد کیا۔
حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے اسمبلی کے کارکنان کا امام کے ساتھ تجدید عہد کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: خدا کا شکر ہے کہ اب تک انقلاب کے راستے پر ثابت قدم رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ زندگی کی آخری سانس تک اسی راہ پر گامزن رہیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی انقلاب، مستضعفین کی مستکبرین پر کامیابی کا انقلاب ہے کہا: اس انقلاب کی قدر جاننا اور عشرہ فجر کا جشن منانا ہماری اصلی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے اس لیے کہ آج مسلمانوں کی جو بھی عزت اور سربلندی ہے وہ انقلاب اسلامی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے انقلاب کی کامیابی کو اس دور میں خداوند عالم کا ایک معجزہ قرار دیا اور کہا: بہت سارے لوگ یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ شہنشاہی حکومت کو اس طاقت اور قدرت کے ساتھ سرنگوں کیا جا سکتا ہے لیکن امام نے اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے بڑے اطمینان کے ساتھ روز اول قدم اٹھایا اور اس تحریک کو جاری رکھا اور اللہ کی مدد سے اسلامی جمہوریہ کی بنیاد رکھ دی۔
انہوں نے کہا: آج ہم امام اور اسلامی انقلاب کی عظمت کو پوری دنیا میں مشاہدہ کر رہے ہیں یہاں تک کہ دنیا کے دور دراز خطوں میں بھی امام کے عاشق نظر آتے ہیں اور یہ کہتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں کہ ہم انقلاب اور رہبر کے لیے دعا کرتے ہیں۔
اس پروگرام کے آخر میں اسمبلی کے کارکنان نے امام خمینی(رہ) کی زوجہ مکرمہ بانو خدیجہ ثقفی کی قبر پر بھی فاتحہ خوانی کی اور بہشت زھرا میں دیگر شہدا کی قبور پر بھی حاضری دی۔











